مذہب اسلام میں نبی کون ہے؟

مذہب اسلام میں نبی کون ہے

یہ بات دنیا میں رہنے والے سبھی افراد جانتے ہیں اور مانتے ہیں کہ کوئی ذات ہے جو پوری دنیا کا نظام چلا رہی ہے اور اس کے حکم کے بغیر دنیا میں کچھ نہیں ہوتا ہے۔ لیکن خدا کا جو تصور مذہب اسلام میں پایا جاتا ہے اور جس طرح خدا کو مذہب اسلام میں بیان کیا گیا ہے وہ کہیں اور نہیں ہے، اسی بات کو مذہب اسلام کے بنیادی کلمہ میں بتایا گیا ہے۔ کلمہ طیبہ کے دو جز ہیں، پہلے جز میں اللہ تعالی کے معبود ہونے کو بتایا گیا ہے اور دوسرے جز میں محمد ﷺ کے رسول ہونے کو بتایا گیا ہے۔ کلمہ طیبہ کے پہلے جز کی مکمل تفصیل "توحید کیا ہے”کے بیان میں آچکی ہے، وہاں دیکھا جاسکتا ہے۔

اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ نبی اور رسول کون ہے؟ نبی اور رسول اللہ تعالی کے وہ مخصوص بندے ہیں جو اللہ تعالی کا پیغام اس کے بندوں تک پہنچاتے ہیں۔ اللہ تعالی نے انسانوں کو پیدا کرنے کے بعد ان تک اپنا پیغام پہنچانے کے لئے اپنے ایسے نیک بندوں کو منتخب فرمایا جو ہر اعتبار سے معاشرہ اور سماج میں اچھے اور نیک سمجھے جاتے تھے، بری باتوں سے اجتناب کرتے تھے، بری عادتوں، برے کاموں اور گناہوں سے احتراز کرتے تھے۔یہ وہ لوگ تھے جنہیں اللہ تعالی نے نبوت کے لئے منتخب فرمایا تھا، نبوت کوئی ایسی شئ نہیں ہے جسے کوئی انسان اپنی محنت یا عبادت سے حاصل کرے بلکہ اللہ تعالی اپنی مشیت سے جسے چاہے عطا کرتے ہیں۔ اللہ کے ان مخصوص بندوں کو ہی نبی یا رسول کہا جاتا ہے۔ ہر دور اور ہر زمانے میں اور ہر قبیلہ میں اللہ تعالی نے نبی کو بھیجا تاکہ وہ عام لوگوں تک اللہ تعالی کے پیغام کو پہنچائے۔ اللہ تعالی نے نبی اور رسول کو اس لئے بھیجا تاکہ عام انسان گمراہی میں مبتلا نہ ہو، وہ صرف اللہ تعالی کی عبادت کرے، اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ کرے، کمزوروں پر ظلم نہ کرے، زمین میں فتنہ و فساد نہ پھیلائے، ناپ تول میں کمی نہ کرے، عورتوں کو نہ ستائے، بڑوں کا ادب کرے، چھوٹوں پر شفقت کرے۔ غرضیکہ اللہ تعالی نے نبی اور رسول کو اس لئے بھیجا تاکہ انسانی معاشرہ میں رہنے والے افراد ایک دوسرے کے ساتھ مل جل کر رہیں، ایک اللہ کی عبادت کریں۔

اللہ تعالی نے نبی اور رسول انسانوں میں سے ہی بناکر بھیجا تاکہ وہ انسانوں کے درمیان رہ کر ان کی راہنمائی کا فریضہ انجام دے۔ دنیا میں جتنے بھی انبیاء کرام آئے ہیں انہوں نے اللہ تعالی کے پیغام کو عام انسانوں تک پہنچانے میں کسی قسم کی کوئی کمی اور خیانت نہیں کی ہے، تمام احکامات کو درست اور مکمل طریقہ سے انسانوں تک پہنچایا ہے، سب سے پہلے انسان حضرت آدم علیہ السلام کو اللہ تعالی نے نبوت سے سرفراز فرمایا اور یہ سلسلہ طویل زمانے تک جاری رہا، حضرت نوح علیہ السلام، حضرت ابراہیم علیہ السلام، حضرت موسی علیہ السلام، حضرت عیسی علیہ السلام یہاں تک کہ سب سے اخیر میں پیغمبر محمد ﷺ کو اللہ تعالی نے نبوت سے سرفراز فرمایا ہے۔ آپ آخری نبی ہیں اور آپ کے بعد کوئی نبی نہیں آنے والا۔ اس لئے اللہ تعالی نے جو احکامات محمد ﷺ کے ذریعہ انسانوں تک بھیجے وہ قیامت تک کے لوگوں کے لئے کافی ہے، اور اللہ کے بھیجے ہونے ان احکامات کے مجموعے کا نام اسلام ہے۔

Related Posts

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے