مصنوعی وادی کا سابق ہیرو ثاقب خان

 مصنوعی وادی کا سابق ہیرو ثاقب خان

زائرہ وسیم،ثناء خان کے بعد ثاقب خان کی چکا چوند دنیا سے واپسی


اسجد عقابی

دنیا میں کامیابی کے حصول کے لئے لوگ در در کی ٹھوکریں کھاتے ہیں، منتیں مانگتے ہیں، انٹرویوز کے لئے چکر لگا تے ہیں، ادنی سی کامیابی پر خود کو خوش نصیب اور دیگر افراد سے زیادہ قابل اور محنتی تصور کرتے ہیں اور یہ ہونا بھی چاہیے کیونکہ کامیابی ہر کسی کے مقدر میں نہیں ہوتی ہے۔ ہزاروں لاکھوں میں دو چار ہی ایسے ہوتے ہیں جو کامیابی کے آسمان پر اپنی فتح کا پرچم لہرانے میں بامراد ہوتے ہیں، جن کی ستاروں کے جھرمٹ میں چاند کی شبیہ بن پاتی ہے۔ 

دنیا میں کامیابی یقیناً دنیاوی زندگی کو گل گلزار اور پر تعیش بنانے کے لئے ضروری ہے۔ لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ انسان کو اپنی کامیابی کے پس پشت عوامل کو فراموش نہیں کرنا چاہیے۔ جو لوگ سبب حقیقی کو بھول جاتے ہیں اور اپنی کامیابی کو اپنی ہی محنت کا ثمرہ تصور کر بیٹھتے ہیں وہ کہیں نہ کہیں اس ذات کو بھول جاتے ہیں جس نے اس انسان میں وہ ملکہ عطا فرمایا جس کی بنا پر وہ کامیابی و کامرانی سے سرفراز ہوا ہے۔ 

ماڈلنگ، فلمی دنیا اور گلیمر ورلڈ میں ہر دن ہزاروں لوگ اپنی قسمت آزمانے کے لئے نئے نئے سپنوں کو آنکھوں میں سجائے آتے ہیں لیکن دو چار گنے چنے افراد کے علاوہ تمام کی زندگی جد وجہد کے مرحلہ میں ہی دم توڑ جاتی ہے۔ لیکن جنہیں کامیابی نصیب ہوتی ہے وہ راتوں رات لاکھوں کروڑوں کی چاہت کا محور و مرکز بن جاتے ہیں۔ ان کی ایک جھلک پانے کے لئے ان کے شائقین و مداح بے چین و بے قرار ہوتے ہیں۔ ان کی خدمات کے لئے بڑی بڑی نام نہاد کمپنیاں دوڑ میں شامل ہوتی ہیں۔ ان کے آٹو گراف کو یادگار کے طور پر گھروں میں سجایا جاتا ہے ان کے ساتھ تصاویر باعث فخر ہوتی ہے غرضیکہ ان کی ہر ادا اور اور ان کی ہر بات ان کے محبین کے لئے قابل تقلید بن جاتی ہے۔ لیکن گلیمر ورلڈ کی یہ کامیابی اسلامی نقطہ نظر سے انسان کو اپنے خالق و مالک سے دور کر دیتی ہے اور انہیں ایسے ماحول میں زندگی گزارنے پر مجبور ہونا پڑتا ہے جہاں حقیقت سے زیادہ تصنع اور بناوٹ کا دور دورہ اور تسلط قائم ہے۔ یہ امر یقینی ہے کہ جب انسان اپنے مالک و مولا سے دور ہو جاتا ہے تو اس کے دل سے چین و سکون اور راحت و اطمینان ختم ہوتا چلا جاتا ہے۔ اس کی زندگی حقیقت سے زیادہ تکلفات اور مصنوعی ہو جاتی ہے، مگر کچھ ہی افراد ایسے ہوتے ہیں جنہیں اس بات کا احساس ہو پاتا ہے کہ چند روزہ خوشی کے لئے انہوں نے اپنے مالک سے رشتہ توڑ لیا ہے۔ عارضی خوشی کے حصول کی تگ ودو میں دائمی خوشی سے منھ موڑ لیا ہے۔ ایسے بعض خوش نصیب جنہیں یہ توفیق نصیب ہوئی اور جو عارضی کامیابی کی بلندی پر پہنچنے کے بعد بھی دوبارہ اپنے مالک کی پناہ میں لوٹ آئے ہیں ان میں موجودہ وقت میں اہم نام (زائرہ وسیم) (ثناء خان) اور اب ایک مزید نام (ثاقب خان) کا بھی شامل ہوگیا ہے۔ 

ثاقب خان مشہور ماڈل اور ٹی وی اداکار ہیں، انہوں نے (Roadies Revolution) سے شہرت حاصل کی اور دیکھتے ہی دیکھتے شہرت و مقبولیت کے آسمان پر چھا گئے۔ ان کی پرسنالٹی اور اداکاری ان کی کامیابی کے لئے اہم زینہ ثابت ہوئی۔ یکے بعد دیگرے کامیابی نے انہیں بھی ان افراد کی فہرست میں شامل کردیا تھا جن کے چاہنے والے لاکھوں میں موجود ہیں۔

ثاقب خان کو زمانہ عروج میں ہی یہ احساس دامن گیر ہوگیا کہ اصل کامیابی تو یہ ہے کہ انسان کے دل کو سکون میسر ہو اور انسان اپنے خالق ومالک کے بتائے ہوئے راستے پر چلے۔ اس کے احکامات پر عمل کرے۔ اس کی باتوں کو سینے سے لگائے اور اس کے کلام کو اپنی زندگی کا مقصد بنا لے۔ اس احساس نے انہیں اپنے مالک حقیقی کے دربار میں پہنچا دیا جہاں پہنچ کر انہوں نے عارضی چیزوں سے رشتہ توڑنے کا اعلان کردیا ہے تاکہ وہ اپنے مالک کی رضا کے مطابق زندگی گزار سکیں۔ 

کامیابی دراصل وہ نہیں ہے جسے انسان اپنے وہم و گمان کے مطابق خیال کرتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انسان میں بسی ہوئی لالچ اسے ہمیشہ مزید سے مزیدتر کی تلاش میں حیران و سرگرداں رکھتی ہے۔ کوئی عہدہ کوئی ڈگری اور کوئی منصب انسانی خواہشات کی تکمیل کے لئے کافی نہیں ہے۔ اسے ہمیشہ زیادہ کی تلاش ہوتی ہے اور اسی تلاش میں ایک دن انسان اس دار فانی سے کوچ کر جاتا ہے۔ کامیابی بلا شبہ وہ ہے جسے مالک حقیقی نے کامیابی قرار دیا ہے۔ اطمینان قلب اور چین و سکون اسی مالک حقیقی کی یاد میں مضمر ہے۔ انسان کی ابتدا اور انتہا دونوں اسی مالک کے رحم و کرم پر ہے۔ انسان کا وجود اس کی رحمت ہے اور انسان کا عدم بھی اسی کی مشیت سے ہے۔ خوش نصیب ہیں وہ لوگ جو اپنے مالک حقیقی کو جان کر، پہچان کر اس کی یاد میں زندگی بسر کرتے ہیں۔ اس کے بتائے ہوئے راستے پر چلتے ہیں اور اپنی زندگی کا مقصد اس کی خوشی کے حصول کو بناتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ اپنے فضل و کرم سے تمام کو دین مستقیم پر گامزن رکھے۔ اور ان لوگوں کو جو اس مصنوعی وادی کے ہیرو ہیں انہیں راہ ہدایت نصیب کرے۔

Related Posts

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے