وائس آف دارالعلوم: ایک قابل قدر کارنامہ

 

وائس آف دارالعلوم: ایک قابل قدر کارنامہ

دارالعلوم وقف دیوبند کا انگریزی مجلہ

دین اسلام کی ترویج واشاعت اور تحفظ و بقا میں بر صغیر میں جو کلیدی کردار مدارس اسلامیہ نے ادا کئے ہیں وہ تاریخ اسلام کا روشن باب ہے۔ گردشِ ایام، حالات کی ستم ظریفی، شر پسندوں کے ناپاک عزائم اور باد مخالف نے بارہا شجر اسلام کو بے برگ و بار کرنے کی ناکام سعی کی ہے۔ اندرونی فتنوں اور خارجی مفسدوں نے اسلام کی بیخ کنی کی ہر ممکن تدابیر اختیار کی ہیں؛ لیکن مدارس اسلامیہ کے بوریہ نشیں درویش صفت دین اسلام کے متوالوں نے ہر محاذ پر اپنے افعال وکردار اور تقریر و تحریر کے ذریعہ ان کا دنداں شکن جواب دیا ہے اور بروقت قوم کی راہنمائی کا فریضہ انجام دیا ہے۔ یہ عمل ماضی میں بھی تھا اور آج بھی اسی جرات و بیباکی سے اہل مدارس اپنے اسلاف کی راہ پر گامزن ہیں۔ اسی سلسلہ کی ایک بہترین اور قابل ستائش کارکردگی وائس آف دارالعلوم ہے جس نے قلیل مدت میں علمی حلقوں میں اپنی شناخت بنائی ہے۔ دارالعلوم وقف دیوبند سے شائع ہونے والا یہ انگریزی مجلہ انگریزی زبان سے وابستہ افراد کے لیے بیش بہا تحفہ ہے۔ 

voice of darul uloom deoband, english magazine voice of darul uloom deoband
Voice of Darul Uloom

دارالعلوم وقف دیوبند نے موجودہ حالات اور انگریزی زبان کی اہمیت و افادیت کو مدنظر رکھتے ہوئے سال 2016 میں فارغین مدارس کے لئے دو سالہ انگریزی ڈپلومہ کورس شروع کیا۔ بحمد اللہ یہ شعبہ ایک سنگ میل ثابت ہوا اور فارغین مدارس کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم کی شکل میں ابھر کر سامنے آیا ہے۔ 2017 میں حجۃالاسلام اکیڈمی کے ڈائریکٹر، دارالعلوم وقف دیوبند کے نائب مہتمم ڈاکٹر مولانا محمد شکیب قاسمی نے انگریزی مجلہ شائع کرنے کا فیصلہ کیا۔ وقت کے تقاضوں اور حالات حاضرہ میں دین اسلام کی انگریزی زبان میں ترجمانی کے لیے یہ مجلہ توقع سے زیادہ مفید اور کار آمد ثابت ہوا۔ جانشین خطیب الاسلام، مہتمم دارالعلوم وقف دیوبند حضرت مولانا محمد سفیان قاسمی کی زیر سرپرستی اور ڈاکٹر مولانا محمد شکیب قاسمی کی ادارت میں اس مجلہ کو جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وائس آف دارالعلوم کی اشاعت کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جس کے ایڈیٹوریل بورڈ میں مفتی محمد اسعد جلال قاسمی، مفتی سجاد حسین قاسمی، مولانا جمشید عادل قاسمی، مولانا محمد اسجد قاسمی اور محترمہ ام حفصہ شامل ہیں، جبکہ مینیجنگ ایڈیٹر مولانا حسنین ارشد قاسمی کو منتخب کیا گیا۔ مولانا شکیب صاحب قاسمی کا یہ فیصلہ وقت کے تقاضے کے عین مطابق تھا۔ انگریزی زبان میں ایک ایسے جامع رسالہ کی اشد ضرورت تھی جو انگریزی زبان سے وابستہ افراد کی دینی و علمی تشنگی کو بجھا سکے۔ مذہب اسلام کے حقیقی پیغام اور شرعی مسائل سے عوام کو واقف کراسکے۔ وائس آف دارالعلوم نے اس سمت میں اہم کردار ادا کیا ہے اور ملک و بیرون ملک تک اس کے مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ وائس آف دارالعلوم کئی اعتبار سے ایک ممتاز، علمی، تحقیقی مجلہ ہے۔ اس میں کئی ایسے سیکشنز (sections)  ہیں جو اسے معتبر، قابلِ مطالعہ اور وقت کی ضرورت کے زمرہ میں شامل کرتے ہیں۔ 

دی میسیج(The Message)

وائس آف دارالعلوم میں حضرت مولانا سفیان صاحب قاسمی مہتمم دارالعلوم وقف دیوبند کا مختصر پیغام حالات حاضرہ کے تناظر میں بزبان انگریزی تسلسل کے ساتھ شائع کیا جارہا ہے۔ دی میسیج کی سب سے اہم اور بڑی خصوصیت یہ ہے کہ مختصر جملوں میں دینی و دنیاوی، ادبی و اخلاقی اور تہذیبی و ثقافتی عناوین پر نہایت مفید پر مغز اور جامع تحریر منصہ شہود پر آجاتی ہے۔ چند جملوں پر مشتمل یہ پیغام ان اسلاف و اکابرین کے طرز کی یادگار ہیں جو مختصر مگر جامع پیغام پر یقین رکھتے ہیں۔ 

ریسرچ ورک۔ تحقیقی مقالات

وائس آف دارالعلوم میں ایک اہم سیکشن ریسرچ کا ہے، جو دارالعلوم وقف دیوبند کے استاذ مفتی محمد سجاد حسین قاسمی کی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ اس سیکشن کی سب سے خاص اور اہم بات یہ ہے کہ اس کے تحت فکر دیوبند سے وابستہ علماء کرام کی فقہی، تفسیری اور علم حدیث کی خدمات کو انگریزی زبان میں یکجا کیا جارہا ہے۔ یہ مضامین سلسلے وار مجلہ میں شائع ہو رہے ہیں اور آئندہ اس کے ضمن میں علم کلام، ادبی خدمات اور دیگر خدمات کو شامل کیا جائے گا۔ ہمارے علم کے مطابق، یہ انگریزی زبان کا واحد مجلہ ہے جس میں علماء دیوبند کی مختلف دینی و علمی خدمات کو ایک ساتھ سلسلے وار بیان کیا گیا ہے۔ انگریزی زبان سے وابستہ افراد اس مجلہ کے توسط سے علماء دیوبند کی خدمات سے بآسانی و بخوبی واقفیت حاصل کر سکتے ہیں۔

نوادرات اکابر۔ 

وائس آف دارالعلوم میں اسلاف کی دینی خدمات سے موجودہ نئی نسل کو متعارف کرانے کے لئے انگریزی زبان میں اہم اور بنیادی کتابوں کے ترجمہ کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔ یہ خدمت دارالعلوم وقف دیوبند کے استاذ مولانا جمشید عادل قاسمی انجام دے رہے ہیں۔ اس کے تحت حکیم الاسلام مولانا قاری محمد طیب صاحب قاسمی کی نادر و معرکۃ الآرا تقریر کا مجموعہ سائنس اور اسلام کا انگریزی ترجمہ پیش کیا گیا ہے۔ الحمد للّٰہ اب یہ کتاب مکمل ہو چکی ہے۔ جدید سائنسی تحقیقات کے دلدادہ افراد اس کتاب سے رجوع کرکے سائنس اور اسلام کے درمیان مناسبت اور خالق کائنات کی تخلیقات کے متعلق اسلام کے اصول و قواعد اور نظریات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ حکیم الاسلام مولانا قاری محمد طیب صاحب قاسمی نے یہ تقریر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے طلباء و اساتذہ کے درمیان کی تھا، حجۃ الاسلام اکیڈمی اس علمی کاوش عنقریب منظر عام پر لانے جا رہی ہے۔

کور اسٹوری

عمومی طور پر مجلات میں ایک ایسا سیکشن ضرور ہوتا ہے جس میں حالات حاضرہ کے حادثات و واقعات پر تجزیاتی مطالعہ کی روشنی میں عوام کے سامنے بات پیش کی جاتی ہے۔ لیکن اس باب میں وائس آف دارالعلوم کی اپنی منفرد شناخت اور اپنا منفرد اسلوب ہے کہ یہ حادثات و واقعات کو اسلامی تعلیمات  کی روشنی میں عوام الناس کو آگاہ کرتی ہے۔ ملکی اور عالمی سطح پر پیش آنے والے مسائل پر سیر حاصل بحث ہوتی ہے اور ایسے واقعات جو مذہب اسلام کی روح کے منافی ہے ان سے عوام کو واقف کرایا جاتا ہے۔ اسلاموفوبیا، ہومو سیکشوالیٹی، کورونا وائرس اور ان جیسے دیگر مسائل پر قابلِ مطالعہ مضامین لکھے گئے ہیں۔ کور اسٹوری کا یہ سیکشن راقم الحروف کے ذمہ ہے۔

سوال وجواب

وائس آف دارالعلوم کی ایک اہم خاصیت اس کے سوال وجواب کا سیکشن ہے۔ موجودہ دور میں پیش آمدہ نت نئے مسائل کو قرآن و حدیث کی روشنی میں بیان کرکے ان سے عوام الناس کو آگاہ کرانا ہے۔ سوال و جواب کا یہ اہم سیکشن دارالعلوم وقف دیوبند کے استاذ محترم مفتی محمد اسعد جلال قاسمی کے ذمہ ہیں۔ آنلائن سوالات کے علاوہ وقت کے تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے جوابات مرتب کئے جاتے ہیں۔ دینی، علمی معاشرتی، تجارتی اور دیگر اہم موضوعات پر قرآن و حدیث کی روشنی میں مسائل بیان کئے جاتے ہیں۔

جامعہ ایکٹیویٹیس

دارالعلوم وقف دیوبند کی تعلیمی، تعمیراتی اور دیگر سرگرمیوں سے بہی خواہان مدرسہ کو واقف کرانے کے لیے ہر شمارہ میں مختصر مگر جامع رپورٹ شائع کی جاتی ہے۔ اس کا سب سے اہم اور بنیادی فائدہ یہ ہے کہ خیر خواہان مدرسہ اور منتسبین حضرات مدرسہ کی سرگرمیوں سے بروقت واقف ہوتے ہیں۔

اداریہ

مجلات کے اداریے ان کی شناخت اور پہچان ہوا کرتے ہیں۔ اداریے اس بات کی غمازی کرتے ہیں کہ صاحب مجلہ کن امور و معاملات اور حادثات و واقعات کو ترجیح دیتے ہیں اور کن وجوہات کی بنا پر ان موضوعات کو شاملِ مجلہ کیا جاتا ہے۔ وائس آف دارالعلوم کا اداریہ مدرسہ کی عظمت و رفعت کا گواہ اور فکر و نظر کا ترجمان ہے۔ معاشرے میں پھیلی ہوئی برائی، نوجوان نسل کی بے راہ روی کے علاوہ حکومتی سطح پر ہماری کیا پوزیشن ہے اور کن طریقوں سے ہم اپنے مسائل کو بہتر بنا سکتے ہیں اور کس طرح قومی دھارے میں شمولیت اختیار کر سکتے ہیں جیسے عناوین پر فکر انگیز اور سبق آموز حالات کی چشم کشا تحریریں صرف قابلِ مطالعہ نہیں بلکہ قابل عمل ہوا کرتی ہیں۔

متفرق مضامین

ملک و بیرون ملک کے شہرت یافتہ، صاحب قلم، اربابِ دانش و بینش انگریزی زبان و ادب سے وابستہ افراد کے بیش قیمتی مضامین مختلف عناوین کے تحت شائع کئے جاتے ہیں۔ مضامین کے انتخاب میں سیاسی، سماجی، مذہبی لیکن غیر مختلف فیہ مواد کو ترجیحی طور پر شائع کیا جاتا ہے۔ مذہب اسلام میں تعلیم نسواں کے عنوان سے مجلہ کے ایڈیٹوریل بورڈ کی موقر ممبر محترمہ ام حفصہ کا مضمون نہایت جامع و مانع اور معترضین کے لیے مکمل طور پر شافی و کافی ہے۔ علاوہ ازیں، دیگر اہم موضوعات پر نادر و نایاب مضامین و مقالات موجود ہیں۔

وائس آف دارالعلوم، دارالعلوم وقف دیوبند کا قابلِ ستائش کارنامہ ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اس پیغام کو ان حلقوں تک پہنچائیں جو اردو زبان سے ناواقف اور انگریزی زبان کے دلدادہ ہیں۔ علمی مضامین و مقالات اور روز مرہ کے دینی مسائل سے آگاہی حاصل کرنے کا بہترین پلیٹ فارم ہے۔ یہ شمارہ دارالعلوم وقف دیوبند کی آفیشل ویب سائٹ(www.dud.edu.in) پر بھی شائع کیا جاتا ہے۔

 

Related Posts

7 thoughts on “وائس آف دارالعلوم: ایک قابل قدر کارنامہ

  1. مولانا حسنین ارشد قاسمی صاحب یا
    مولانا احمد صاحب سے رابطہ کیجئے۔ یہ حضرات اس ذمہ داری کو انجام دیتے ہیں شعبہ تنظیم و ترقی کے ناظم

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے